شہرِ قائد کے علاقے صدر میں ڈکیتی کی لرزہ خیز واردات میں ڈاکوؤں نے تاجر سے 80 لاکھ روپے لوٹے اور فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔
تفصیلات کے مطابق الیکٹرانکس کا تاجر صدر کے علاقے میں بینک سے رقم نکال کر لے جارہا تھا جب اسے لوٹا گیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ مہروز علی کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے تاجر کو نشانہ بنایا۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے رقم موٹر سائیکل پر لے جانے والے تاجر کو راستے میں روک کر یہ واردات سرانجام دی۔ گزشتہ شام کو پیش آنے والے واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
یہاں یہ قابلِ ذکر ہے کہ کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز نے عوام میں عدم تحفظ کے احساس کو فروغ دیا ہے۔ عوام کی بڑی تعداد لین دین کے وقت خاص احتیاط برتتی ہے، تاہم ڈکیتیوں میں اضافہ بھی جاری ہے۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے کلفٹن میں بینک سے رقم نکلوانے والے شہری کو لوٹا گیا، مسلح ڈاکو 17 لاکھ روپے کی خطیر رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔
یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے کلفٹن کے بلاک 7 میں گزشتہ برس نومبر کے دوران پیش آیا ، جہاں ڈاکوؤں نے مبینہ طور پر بینک سے کیش نکلوانے والے شہری کے ساتھ اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ تھانے کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملزمان کے خلاف تفتیش کا آغاز کردیا۔




